اسلام آباد: 21 اگست: وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت بین الصوبائی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ عشرہ رحمت للعالمین یکم تا 12 ربیع الاوّل ،قومی و صوبائی سطح پر شایان طریقے سے منایا جائے گا،قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس شدہ قرار دادوں کی روشنی میں ملک گیر سیرت محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ 1500 ویں سالِ ولادت کے تناظر میں صوبائی اور لوکل حکومتیں نوجوان نسل کو سیرت ِ نبوی سے آگاہی دیں، وزارت ِ مذہبی امور اسلام آباد میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کر رہی ہے
جس کا موضوع’’سوشل میڈیا کے مفید استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں سیرت النبی کی روشنی میں‘‘ رکھا گیا ہے۔عشرہ منانے کا مقصد یہ ہے کہ سیرت طیبہ پر تفصیلی گفتگو ہو اور نوجوانوں کو آگہی میسر آئے، سرکاری و نجی سکولوں ، کالج اور یونیورسٹیوں میں عشرہ رحمت للعالمین کے تحت پروگرام منعقد کیے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ، سیرت النبی کی روشنی میں دور حاضر کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہو گی، ہمیں موجودہ دور میں اپنی تعلیم، معیشت ، سماجی اقدار اور خاندانی نظام کو متاثر ہونے سے بچانا ہے۔











