ڈھاکہ، 22 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ تجارت پاکستان جام کمال خان نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے تجارت شیخ بشیر الدین سے ڈھاکہ میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، سرمایہ کاری بڑھانے اور اقتصادی تعاون کو مستحکم بنانے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر برائے بنگلہ دیش عمران حیدر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تجارتی تعلقات کو ادارہ جاتی فریم ورک کے تحت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت قائم کرنے اور 2005 کے بعد غیر فعال رہنے والے مشترکہ اکنامک کمیشن (JEC) کو دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا۔ مزید برآں، ایک مشترکہ ٹریڈ کمیشن بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جو مستقبل کے تجارتی روڈ میپ اور اہداف طے کرے گا۔
دونوں رہنماؤں نے زرعی جدیدکاری، قابلِ تجدید توانائی، اسٹیل انڈسٹری، شپ بلڈنگ، گرین شپ بریکنگ، حلال ٹریڈ، کھجور، چاول، معدنیات، چمڑے، شوگر، ڈیہائیڈریٹڈ فروٹس اور ایگرو پروسیسنگ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں یہ بھی زور دیا گیا کہ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے لاجسٹکس اور کنیکٹیویٹی کو بہتر اور کم لاگت بنایا جائے۔
ٹیرف اور ڈیوٹیز میں کمی کے ساتھ ساتھ کچھ بنگلہ دیشی مصنوعات کو پاکستانی مارکیٹ تک ترجیحی رسائی دینے کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تجارتی صلاحیت بہت زیادہ ہے، جس سے دونوں ملکوں کے عوام براہِ راست فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ پیش رفت پر تیزی سے عمل درآمد کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی۔