پاکستان کے محافظوں کا ساتھ دینا ایمان کا تقاضا ہے،مولانا عبدالوہاب روپڑی

10

لاہور، 06اگست(اے پی پی): یوم آزادی کے حوالے سے  منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف دینی اسکالر مولانا عبدالوہاب روپڑی نے کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان ہم سب کا ہے، اور اس کے ساتھ سچی محبت کرنا ہر پاکستانی کا دینی و قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ وطن کے محافظ ہیں، افواج پاکستان کے جوان ہیں، ان کے ساتھ کھڑا ہونا، ان کا ساتھ دینا، اور ان کی پشت پر ہونا اسلامی تعلیمات کا حصہ ہے۔مولانا عبدالوہاب روپڑی نے کہا کہ اپنی فوج یا ان مجاہدین سے ہمدردی نہ رکھنا جو وطن کی حفاظت کر رہے ہیں، یہ طرزِ عمل اسلامی طرز فکر کے خلاف ہے۔ یہ رویہ ان لوگوں جیسا ہے جو جنگِ اُحد کے موقع پر میدانِ جنگ سے واپس چلے گئے تاکہ مجاہدین کو کمزور کیا جا سکے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی کو فروغ دیں، اپنے درمیان اتحاد پیدا کریں، اور افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ وطنِ عزیز پاکستان کی محبت کو اپنے دلوں میں راسخ کریں، اور اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ ہمارا پیارا وطن ہمیشہ سلامت، مضبوط اور ترقی یافتہ رہے۔