پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ اورقونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک کے زیرِ اہتمام پرچم کشائی کی تقریب

21

نیویارک، 15 اگست ( اے پی پی): پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ اورقونصلیٹ جنرل آف پاکستان، نیویارک کے زیرِ اہتمام پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی تاکہ پاکستان کی آزادی کی سالگرہ کو شایانِ شان طریقے سے منایا جا سکے۔

 تقریب میں پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون، اور مشن و قونصلیٹ کے افسران و عملے نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ، سفیر عاصم افتخار احمد نے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، دیگر بانیانِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنان کو ان کے تاریخی اور ولولہ انگیز کردار پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا، جو انہوں نے ملک کی جمہوری، آئینی اور سیاسی جدوجہدِ آزادی میں ادا کیا۔

سفیر عاصم نے اس امر پر زور دیا کہ محض سات برسوں میں پاکستان کا قیام عالمی برادری میں ایک معجزے سے کم نہیں ، جو اس کی قیادت اور عوام کے وژن، منظم منصوبہ بندی اور ثابت قدمی کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد، قربانی اور پاکستان کے مقصد سے غیر متزلزل وابستگی ہماری قومی شناخت کی پہچان ہے۔

انہوں نے اس سال کی دوہری مسرت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے “معرکۂ حق” اور “بنیان المرصوص” میں شاندار کامیابی حاصل کر کے مئی میں بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ یہ کامیابی صرف عسکری میدان تک محدود نہیں بلکہ سفارتکاری اور ابلاغ کے محاذ پر بھی ایک بھرپور کامیابی ہے، جس نے قومی سلامتی کے تمام خطرات کا مقابلہ کرنے کی ہماری صلاحیت پر قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ نے ملک کی عسکری قیادت، شہداء اور غازیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ عقیدت پیش کیا، جن کی مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال قربانیاں، چاہے بھارتی جارحیت کے خلاف ہوں یا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے، ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔