پشاور زلمی کا پشاور میں فلڈ ریلیف نمائشی کرکٹ میچ کے انعقاد کا اعلان

19

پشاور، 27 اگست(اے پی پی): پشاور زلمی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپورٹس خیبر پختونخوا اور حکومت خیبر پختونخوا کے اشتراک سے “کھیل سے خدمت” کے نعرے کے تحت سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے فلڈ ریلیف نمائشی کرکٹ میچ کے انعقاد کا فخر کے ساتھ اعلان کیا ہے۔

یہ خصوصی نمائشی میچ ہفتہ کو پشاور میں منعقد ہوگا، جس میں پشاور زلمی اور لیجنڈز الیون کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ اقدام صرف کرکٹ کا میچ نہیں، بلکہ خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ یکجہتی، ہمدردی اور خدمت کا عملی مظاہرہ ہے۔ میچ کی تمام ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدنی 100 فیصد سیلاب زدگان کی بحالی اور امداد کے لیے وقف کی جائے گی،تاکہ ضروری مدد ان لوگوں تک پہنچے جو سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے اس اقدام پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ہمیشہ پاکستان میں اتحاد کی علامت رہی ہے۔ اس نمائشی میچ کے ذریعے ہم اس کھیل کے جذبے کو ایک بامقصدمقصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں ، اپنے ان بھائیوں اور بہنوں کے لیے جو خیبر پختونخوا  میں خوفناک سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ یہ صرف ایک میچ نہیں، بلکہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و امور نوجوانان، سید فخر جہان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کھیل صرف تفریح نہیں بلکہ خدمت اور یکجہتی کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ میچ ان تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہماری ہمدردی کا مظہر ہے جو سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہوئے ہیں۔

میچ میں شرکت کرنے والے شائقین نہ صرف اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایکشن میں دیکھیں گے بلکہ ایک عظیم مقصد کے لیے اپنا کردار بھی ادا کریں گے۔ معروف کرکٹ اسٹارز اور لیجنڈز کی موجودگی اس ایونٹ کو پشاور کی اسپورٹس تاریخ کا یادگار لمحہ بنا دے گی۔