پنجاب میں سیلابی صورتحال، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت چار گھنٹے طویل اجلاس

14

لاہور، 27 اگست (اے پی پی(:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر چار گھنٹے طویل اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، جس میں متاثرہ اضلاع کی تازہ ترین رپورٹس اور ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، اوکاڑہ اور سرگودھا سمیت سات اضلاع میں فوج کی خدمات طلب کر لی گئی ہیں۔ تمام محکمے 24/7 سیلابی صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر اور بہاولپور متاثر قرار دیے گئے ہیں۔ ضلع قصور کے 72 گاؤں اور 45 ہزار افراد جبکہ دیگر اضلاع کے متعدد دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد اور 35 ہزار مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں 130 بوٹس، 115 او بی ایم، 6 اے ایم بی بائیکس، 1300 لائف جیکٹس اور 245 لائف رنگز پہنچا دیے گئے ہیں۔ ریسکیو و ریلیف کیمپس کے علاوہ میڈیکل اور ویٹرنری کیمپس بھی قائم ہیں جہاں 2600 سے زائد سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اسپتالوں میں ہنگامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔