لاہور، 29 اگست (اے پی پی): صوبہ پنجاب کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن پوری شدت کے ساتھ جاری ہیں۔ پاک فوج کی 6 ریسکیو ٹیمیں دریائے ستلج اور دریائے راوی کے کناروں پر متاثرہ عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ہیڈ سلیمانکی اور اٹاری کے مقامات پر پاک فوج کی ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو ریسکیو کر رہی ہیں۔ قصور میں بھی فوجی دستے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان آپریشنز میں پولیس، محکمہ آبپاشی، صحت، لائیو اسٹاک، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس سمیت دیگر ادارے بھی شامل ہیں۔ پاک فوج نے سول انتظامیہ کے تعاون سے ضلع قصور میں 21 ریسکیو اور ریلیف کیمپس قائم کر دیے ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو پناہ اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک قصور کے دیہاتوں سے تقریباً 18 ہزار افراد اور ان کے مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں۔ منڈی احمد آباد میں پاک فوج کا انتظامی کیمپ قائم ہے جبکہ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کے باوجود فوجی جوان عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔ اوکاڑہ میں بھی پاک فوج کا ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ فوجی دستے دن رات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر موجود ہیں تاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔











