چار اگستـــ یومِ شہدائے پولیس، جانباز سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے

13

سرگودھا ، 04 اگست (اے پی پی): چار اگستـــ یومِ شہدائے پولیس،جانباز سپاہیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کر دیں۔ سرگودھا میں ذکاء اللہ شہید پولیس لائنز میں اس موقع پر یادگارِ شہداء پر سلامی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں ریجنل پولیس آفیسر محمد شہزاد آصف خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی، اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔دوسری جانب پولیس لائنز میں شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں افسران، اہلکاروں اور شہداء کے اہلِ خانہ نے بھرپور شرکت کی۔

ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے اس موقع پر کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، اور محکمہ پولیس اُن کے خاندانوں کے ساتھ ہر قدم پر کھڑا ہے، یومِ شہداء صرف ایک دن نہیں… بلکہ ایک عہد ہے، کہ ہم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گےاور عوام کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔