اسلام آباد، 9 اگست، ( اے پی پی): چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی قیادت میں معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایانِ شان طریقے سے منانے کیلئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور ایم سی آئی اور دیگر اداروں کی جانب سے کئے گیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں یوم معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں اسلام آباد میں عمارات پر قومی پرچم لہرانے، چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی تمام اہم شاہراؤں بشمول شاہراہ دستور، کلب روڈ، سری نگر ہائی وے جناح ایونیو اور دیگر شاہراؤں پر خوبصورت لائٹنگ کے انتظام، ڈیجیٹل اسٹریمرز اور ایل ای ڈیز لگانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ شہر کو معرکہ حق اور یوم آزادی کے موقع پر مزید خوبصورت انداز میں سجایا جاسکے۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کو قومی جوش و جذبے سے منانے کیلئے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پرچم کشائی، مختلف شاہراہوں کی رنگ برنگے برقی قمقموں سے سجاوٹ، ثقافتی تقاریب، آتش بازی، ملی نغموں کے مقابلے اور عوامی پروگرامز کا انعقاد کیا جائےگا۔ اسی طرح سکولوں کے طلباء کے درمیان تقریری مقابلے، پینٹنگ، ملی نغموں کے مقابلے اور ٹیبلو شوز کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے تمام پارکس کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا جائے۔ شہر میں چلنے والی الیکٹریکل اور دیگر بسوں پر معرکہ حق اور یوم آزادی کے حوالے سے برینڈنگ بھی کی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ معرکہ حق اور یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے خصوصی طور پر، سیکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور خوبصورتی میں مزید اضافہ کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ شہری ملی جوش و جذبے کے ساتھ معرکہ حق اور یوم آزادی کی خوشیاں مناسکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر معرکہ حق اور یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر اسلام آباد پولیس کی جانب سے شہر بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تاکہ تمام تقریبات پرامن طریقے سے منعقد کی جاسکیں۔ اسی طرح داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، اہم مقامات پر سی سی ٹی وی نگرانی اور خصوصی سیکیورٹی ٹیموں کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
چئیر مین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھا وا نے کہا کہ معرکہ حق کو شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد جہاں ہماری بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کرنا ہے وہاں معرکہ حق ہمارے لئے ایک عہد نو کی حیثیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ معرکہ حق اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم مشکل کی ہر گھڑی میں متحد اور یکجان ہونے کے علاوہ دشمن کے تمام ناپاک ارادوں کو خاک میں ملانے کیلئے اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔











