لودھراں، 05 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر کی سربراہی میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پُرامن لیکن پرجوش ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم سے مسلسل آگاہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی و عالمی سطح پر مختلف پلیٹ فارمز سے دنیا کو موثر پیغام دیا جا رہا ہے تاکہ بھارت کے ریاستی استحصال سے مظلوم کشمیریوں کو نجات دلا کر انہیں جینے کا حق دلایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کےمسلسل محاصرہ ظلم وتشدد اور خوف وہراس کے 6 سال گزرنے پرضلع لودھراں میں یوم استحصال کشمیر بھرپور جوش وجذبے اور بلند عزم سے منایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں کی تینوں تحصیلوں میں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت دونوں تحصیلوں میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے بھرپور پروگرامز منعقد کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں اورضلعی انتظامیہ کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلئے ریلیاں نکالی گئیں ہیں۔ ضلعی ہیڈکوارٹر پر مرکزی ریلی دفتر ریسکیو ایمرجنسی 1122 سے ضلع کونسل تک نکالی گئی ہے ۔ ریلی میں سیاسی و سماجی شخصیت سیف الدین سیفی ، ایس پی انوسٹی گیشن اکرم خان نیازی ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، اسسٹنٹ کمشنرلودھراں ارم شہزادی،سی او ایجوکیشن اسرار الحق، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک اللہ بچایا ،ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹری محمد رؤف، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد ساجد سمیت سرکاری ملازمین اور سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ریلی میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے لودھراں کے غیور شہریوں کا ریلی میں بھر پور شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ بعد ازاں یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ضلع کونسل کے کانجو ہال میں احتجاجی سیمنار کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ سیمنار میں سکولوں کے بچوں کی جانب سے ٹیبلوز، پاکستان و کشمیر کے قومی ترانے ،کشمیر کی آزادی کے ملی نغمے اور تقاریر پیش کی کیں جسے سیمنار کے شرکاء اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے خوب پسند کیا اور دل کھول کر داد دی ۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیج پر پرفارم کرنے والے بچوں کے ہمراہ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے اور تصاویر بھی بنوائیں ۔ قبل ازیں ضلع کونسل کے سبزہ زار میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے رسم پرچم کشائی ادا کی۔ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے قومی پرچم سربلند کیے گئے اور قومی ترانے پڑھے گئے ۔