اسلام آباد، 5 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یوم استحصال کشمیر ریلی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارے خون کا حصہ اور ہماری میراث ہے، کشمیری عوام تنہاء نہیں ہیں، ریاست پاکستان ان کے ساتھ کھڑی ہے، مودی نے جب میلی نظر سے دیکھا تو افواج پاکستان نے اسے دھول چٹائی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان نے بھارت کے طیاروں کے ساتھ اس کا غرور بھی خاک میں ملایا، معرکہ حق میں فتح سے ہمارے کشمیری بھائیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، بھارت کو نہ صرف عسکری میدان میں شکست فاش ہوئی، اسے بیانیہ کے میدان میں بھی شکست ہوئی اور سفارتی محاذ پر بھی شکست ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پانچ اگست تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے،بھارت نے آج کے دن کشمیر پر غیر قانونی قبضے کی کوشش کی،پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا،پاکستان ہر موقع پر ان شاء اللہ اپنے کشمیری بھائیوں کی نہ صرف آواز بلند کرتا رہے گا بلکہ دنیا کے ہر کونے میں ان کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔