کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر لیبریشن سیل نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا

22

اسلام آباد، 15 اگست، (اے پی پی): کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لیبریشن سیل کے زیر اہتمام 15 اگست بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کے لیے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں  سیمینار منعقد ہوا جس میں حریت قیادت سمیت پاکستان ،آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی تمام سیاسی، جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوۓ حریت رہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کو بزور طاقت سلب کیا ہے، دوسروں کی آزادی کو سلب کرکے بھارت کو یوم آزادی منانے کا کوئی حق نہیں ہے۔

حریت رہنما فاروق رحمانی نے کہا گزشتہ روز ہم نے پاکستان کی آزادی جوش و خروش سے منایا اور آج بھارت کی آزادی ہم یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ ہندوستان نے خود  آزادی حاصل کر کے کشمیری عوام کو غلام بنا لیا۔

سید علی رضا بخاری سابق وزیر آزاد ریاست جموں کشمیر نے بھارت کے کشمیر پر ظالمانہ قبضے کی مزمت کرتے ہوۓ کہا کہ مودی کشمیریوں کے لئے ظالمانہ نظام کو فروغ دے رہا ہے۔ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں منہ ٹور جواب دیا۔

معرکہ حق کی کامیابی سے کشمیریوں اور پاکستانیوں کی دنیا میں عزت بڑھی ہے۔

 معاون خصوصی گلگت بلتستان حکومت  ایمان شاہ نے کہا کہ کشمیر کی قیادت اور عوام کا جذبہ ایمانی ہمیشہ بلند رہا ہے, ہم کشمیر کے  مسلمانوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کے اقلیتی  برادری کے ایم این اے نوید جیوا نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی انتہا کر چکا ہے۔ مودی نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کوشش کی تھی افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ۔مودی مقبوضہ کشمیر پر قبضے کا سوچ رہا تھا اب ہم انڈیا کے ٹکڑے ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

 غزالہ حبیب چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ کشمیر اب بنیان مرصوص کے بعد بین الاقوامی سطح پر اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، فیلڈ مارشل کشمیری عوام کے ساتھ ساتھ پاکستان اور امت مسلمہ کے مسیحا بن کر ابھرے ہیں۔