لاڈرہل(فلوریڈا)، 04 اگست (اے پی پی): پاکستان ٹی ٹونٹی کی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین صفر سے سیریز جیتنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب اور سفیان مقیم نے اچھی گیند بازی کی، جبکہ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی اچھی اوپننگ نے میچ میں جیت مستحکم بنائی۔
انہوں نے کہا کہ پچ کی کنڈیشن دیکھتے ہوئے 170 سے زیادہ کا ٹارگٹ ذہن میں تھا۔ سلمان علی آغا نے کہا کہ اخری اوورز میں حارث اور سفیان مقیم نے عمدہ گیند بازی کی اور پریشر بڑھایا جس کی وجہ سے ویسٹ انڈیز ٹیم ٹارگٹ نہ حاصل کر سکی۔ اوپننگ پر بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے ہمیشہ اچھی اوپننگ دی اور بڑے رنز سکور کیے امید ہے کہ ان کی پرفارمنس آگے بھی اسی طرح جاری رہے گی۔سلمان علی کا کہنا تھا کہ تمام سیریز بڑے ٹورنامنٹس کی تیاریوں کا حصہ ہوتے ہیں اور بالاخر ورلڈ کپ جیتنا مقصد ہوتا ہے جس کے لیے ان تمام سیریز میں تجربات اور مختلف کمبینیشن کو آزماتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سفیان مقیم اور حارث رؤف کی گیند بازی حریف پر پریشر بنا رہی تھی اسی لیے میں نے باؤلنگ نہیں کی تاکہ پریشر بنا رہے مستقبل میں شائقین مجھے بھی گیند بازی کرتے ہوئے دیکھیں گے۔