اسلام آباد، 08 اگست (اے پی پی ): نامور ادیب اور صدارتی تمغۂ امتیاز کے حامل محمد حمید شاہد نے پاکستانی قوم کو آزادی کے 78 برس مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش بختی ہے کہ ہم ایک ایسے ملک میں رہ رہے ہیں جسے ہم اپنا کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ان 78 برسوں میں کڑے وقت بھی دیکھے اور اچھے وقت بھی، صدمات بھی سہے اور ترقی کی منازل بھی طے کیں۔ ہم ایک موقع پر دو حصوں میں بٹے مگر آگے بھی بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ایک مسلط کردہ جنگ کا سامنا کیا جس میں ہماری بہادر افواج نے غیر معمولی استقامت اور جرات کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تیسری نسل ہیں جنہوں نے شعور کی آنکھ اس آزاد وطن میں کھولی ہے مگر وہ جذبہ اور جوش جو قیامِ پاکستان کی نسل سے بیچ کی نسل تک پہنچا تھا، پوری طرح نئی نسل کو منتقل نہیں ہو سکا۔
محمد حمید شاہد نے کہا کہ ایک وقت تھا جب گھروں پر جھنڈے اور جھنڈیاں لگانے، رات کو روشنیوں سے سجاوٹ کرنے اور دلوں میں خوشی سے جھومنے کی روایت عام تھی، لیکن اب لگتا ہے کہ نوجوان نسل ڈیجیٹل دنیا میں زیادہ مصروف ہو گئی ہے اور محبت کا اظہار صرف آن لائن نعروں تک محدود کر بیٹھی ہے، حالانکہ شکر گزاری اور محبت کا اظہار زبان اور عمل دونوں سے ہونا چاہیے تاکہ یہ جذبہ دلوں میں مزید گہرا ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ ہم سب کو مل کر محبت، خوشی اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ جب ہم یکجہتی کے ساتھ ترقی کی سمت قدم بڑھائیں گے تو ملک بھی خوشحال ہوگا۔











