اسلام آباد: پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی سالانہ رپورٹ لانچ کی تقریب

15

اسلام آباد، 10ستمبر(اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ نوجوان کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہیں گے اور انہیں میرٹ کی بنیاد پر ہر موقع فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ لاکھوں ملکی و غیر ملکی نوکریاں پرائم منسٹر یوتھ پورٹل پر دستیاب ہیں جبکہ نوجوانوں کے لیے پہلی ای اسپورٹس فیڈریشن اور گیم ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔آج پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی سالانہ رپورٹ  کے اجراء کی حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں چیئرمین کا چارج سنبھالنے کے بعد سے پروگرام کی ٹیم دن رات کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور قلندرز کرکٹ ٹرائلز، لیپ ٹاپ اسکیم، ایگریکلچر لون اور مختلف اسکالرشپ اسکیموں کے ذریعے لاکھوں نوجوان مستفید ہو رہے ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ ماحولیات کے لیے گرین موومنٹ شروع کی گئی ہے جس میں والنٹیئرز سرگرم عمل ہیں، دو لاکھ طلباء کو ڈزاسٹر مینجمنٹ میں تربیت دی جا رہی ہے اور آئندہ تین سال میں بیس لاکھ طلباء کو یہ تربیت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک چھ لاکھ سے زائد طلباء پروگرام میں رجسٹر ہو چکے ہیں اور تمام صوبوں کو اس میں شامل کر لیا گیا ہے۔چیئرمین پی ایم وائے پی نے کہا کہ پاکستان میں چھ کروڑ نوجوان ای اسپورٹس سے وابستہ ہیں اور اس شعبے کو منظم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ایک نہیں بلکہ کئی “ارشد ندیم” پاکستان کو دیے جائیں جو دنیا میں ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم و ثقافت فراح ناز نے بھی شرکت کی۔