ایم ڈی پاکستان بیت المال شاہین خالد بٹ کی عید میلاد النبی کے موقع پر اے بی پی سے خصوصی گفتگو

27

 اسلا م آباد،05 ستمبر(اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال شاہین خالد نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہمیں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے عملی رہنمائی لینے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ طیبہ میں انسانی فلاح و بہبود کے تمام پہلو نمایاں ہیں اور ہمیں اپنی زندگیوں کو انہی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔

12 ربیع الاول کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں شاہین خالد کا کہنا تھا کہ رسول اکرم ﷺ نے اپنی عملی زندگی کے ذریعے معاشرتی انصاف، غرباء کی کفالت اور ضرورت مندوں کی مدد کا عملی نمونہ پیش کیا۔ بیت المال کے قیام کی اصل روح بھی اسی فلسفے سے جڑی ہوئی ہے کہ کوئی فرد معاشرتی سہارا اور امداد سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بابرکت موقع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم خدمتِ خلق، ایثار اور اتحاد کے جذبے کو فروغ دیں اور خاص طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کی ضروریات پوری کرنے کو اپنا اولین فرض سمجھیں۔ شاہین خالد نے قوم پر زور دیا کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں اجتماعی فلاح اور بھائی چارے کے پیغام کو عام کریں۔