اسلام آباد، یکم ستمبر (اے پی پی): بابائے حریت، قائد انقلاب سید علی شاہ گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیرِ اہتمام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوۓ رانا قاسم نون چیرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، کشمیری اور پاکستانی ایک جان دو قالب ہیں،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اجاگر کیا۔
حریت رہنما غلام محمد صفی نے کہا کہ سید علی گیلانی آخری سانس تک اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، گیلانی نے اسمبلی کے اندر بھی وہی بات کی جو باہر سالوں کہتے رہے، سید علی گیلانی نے ہمیشہ ظلم، عورتوں اور اقلیتوں کے خلاف تشدد سے روکا۔