اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام “عشرہ رحمت للعالمین پروگرام” کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ بدھ کو ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں اخلاقی تجارتی طریقوں اور جدید حلال معیشت کی رہنمائی کے لیے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی سے اسباق اخذ کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔اپنے خطاب میں معاون خصوصی نے عصری تجارت میں پیغمبر اسلام کی تعلیمات اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی تجارت کے لیے ایک لازوال خاکہ پیش کرتی ہے جس کی جڑیں ایمانداری، شفافیت اور باہمی رضامندی سے ہیں، آج کی عالمی منڈی میں یہ اقدار صرف اخلاقی تقاضے نہیں ہیں ،وہ سٹریٹجک اثاثے ہیں جو اعتماد اور پائیدار ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ حکومت تجارتی پالیسی میں اخلاقی اصولوں کو ضم کرنے کے لیے پر عزم ہے۔ انہوں نے تجارتی افسران، پالیسی سازوں اور کاروباری رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ تمام تجارتی معاملات میں انصاف پسندی اور دیانتداری کو فروغ دیں۔