دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہے ،ضلعی انتظامیہ ریڈ الرٹ ہے ، وسیم حامد سندھو

75

ملتان،01 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہے  جبکہ ضلعی انتظامیہ ریڈ الرٹ ہے اور کہا کہ ضلع بھر سے 3 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس اور ریسکیو کے ہمراہ کشتیوں میں بیٹ کے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے اپنی نگرانی میں شہریوں اور جانوروں کو دریائی علاقوں سے منتقل کرایا۔ کشتی میں دریائی علاقوں میں قائم گھروں میں پہنچے اور سرچ آپریشن کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بستی محمد پور گھوٹہ، ہیڈ محمد والا ،جھوک وینس اور شیر شاہ میں نقل مکانی کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ہیڈ تریموں پر 5 لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا گزر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس کی تعداد بڑھا کر 30 کر دی گئی ہے۔سیلاب متاثرین کو کیمپس میں کھانے اور ادویات کی مکمل سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈورن کے ذریعے گھروں اور جانوروں کی سرویلنس جاری ہے،شہر کو بچانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔