دوسرا رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ: جیو نیوز اور رسجا کی شاندار فتوحات، مہمان خصوصی گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

21

اسلام آباد، 22 ستمبر ( اے پی پی): دوسرے رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج کھیلے گئے دونوں میچز میں جیو نیوز اور رسجا نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنے اپنے حریفوں کو شکست دے دی۔مہمان خصوصی گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور  رسجا الیون کو گورنر ہاؤس پشاور میں دوستانہ میچ کھیلنے کی دعوت دی۔اس موقع پر گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے چیئرمین رسجا آیاز اکبر یوسف زئی، صدر فیصل ساہی اور دیگر عہدیداران کی کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کو کھیلوں کے میدان میں اکھٹا کرنے پر رسجا، سی ڈی اے اور دیگر منتظمین خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔دوسرے رسجا انٹرمیڈیا کرکٹ ٹورنامنٹ کے آج کھیلے گئے میچز کے پہلے میچ میں جیو نیوز نے 92 نیوز کو 27 رنز سے ہرایا۔ جیو نیوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 134 رنز اسکور کیے۔ حامد میر 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ حسام نے 35 قیمتی رنز بنائے۔ جواب میں 92 نیوز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 107 رنز ہی بنا سکی۔ علی تنولی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ حامد میر اور حسام نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار کارکردگی پر علی تنولی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دوسرے میچ میں رسجا نے ڈان نیوز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ڈان نیوز نے 15 اوورز میں 91 رنز بنائے۔ ذیشان علی بٹ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ احمد نواز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں رسجا نے ہدف صرف 8.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ راجہ محسن اعجاز نے 29، کاشف مجید نے 25 اور ایاز اکبر یوسفزئی نے ناقابل شکست 24 رنز بنائے۔ بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر کاشف مجید کو پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔