اسلام آباد، 11 ستمبر 2025 (اے پی پی(:اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں قطر کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا قطر پر حملہ غیر قانونی، بلاجواز اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے جو خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ سفیر نے واضح کیا کہ یہ حملہ کسی ایک واقعے کا حصہ نہیں بلکہ اسرائیل کی مستقل جارحانہ پالیسی کا تسلسل ہے۔
پاکستان نے قطر کی خودمختاری اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر ریاست کو اپنی حفاظت کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اقدامات کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قطر کے دورے پر ہیں تاکہ عملی طور پر اس یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔











