سوات، 7 ستمبر( اے پی پی): بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ہے
صوابی،بونیر اور سوات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر سینیٹر روبینہ خالد نے سیلاب زدگان سے ملاقات کی اور ان میں امدادی سامان تقسیم کیا۔ متاثرین میں کمبل، پینے کا صاف پانی، خیمے اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اختلافات بھلا کر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے متحد ہو جائیں۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غم پوری قوم کا مشترکہ دکھ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی موبائل گاڑیاں ملک بھر میں متاثرہ خاندانوں کا سروے کر رہی ہیں تاکہ کسی بھی مستحق شخص کو امداد سے محروم نہ رکھا جائے۔ بی آئی ایس پی کا عملہ مشکل وقت میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہے اور سروے کی بنیاد پر امدادی رقوم ترجیحی بنیادوں پر تقسیم کی جا رہی ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مل کر امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مخیر حضرات اور بین الاقوامی ڈونرز سے بھی اپیل کی کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے آگے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین مدد کے منتظر ہیں، پوری قوم کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان اور صحت کی سہولیات کی فوری فراہمی کے ساتھ انکی آباد کاری کے لیئے ٹھوس اقدامات اٹھانا انتہائی ضروری ہے
تاکہ ان کے گھر اور کاروبار دوبارہ بحال ہو سکیں۔











