چینگڈو، 13 ستمبر ( اے پی پی): دارالحکومت چینگڈو میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ عشائیے کی میزبانی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا، سچوان کے پارٹی سیکرٹری وانگ شیاؤ ہوئی نے کی۔
تقریب میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان کے سفیر برائے بیجنگ خلیل ہاشمی اور چین کے سفیر برائے پاکستان جیانگ زائی دونگ نے شرکت کی۔
صدر آصف علی زرداری نے شاندار میزبانی پر پارٹی سیکرٹری وانگ شیاؤ ہوئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان کا چین سے تعلق چار نسلوں پر محیط ہے، جو باہمی اعتماد اور دوستی کی روشن مثال ہے۔
چینی میزبان نے 2008 کے سچوان زلزلے کے دوران پاکستان کی جانب سے کی گئی امداد پر دلی شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہا۔
عشائیے کے دوران پاکستانی ملی نغمہ “دل دل پاکستان” وائلن پر بجایا گیا، جسے حاضرین نے بھرپور داد دی۔
تقریب کے اختتام پر دونوں اطراف نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی، تعاون اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔











