اسلام آباد، 1 ستمبر(اے پی پی):قومی اسمبلی میں حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500 سال کی آمد پر تصویری نمائش کا انعقاد ہوا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں روح پرور تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کو معروف خطاط واصل شاہد نے نمائش میں رکھے گئے فن پاروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔تقریب میں ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفیٰ شاہ، ممبر قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی اور سید حفیظ الدین شریک ہوئے اس کے علاوہ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کے افراد اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کے لیے رحمت اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں، سیرت النبی ﷺ کی ذات اقدس پر مبنی تقریبات ایمان کو تازگی بخشتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ سے متعلق تصاویری نمائش نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ روحانی اور فکری سرگرمیاں امتِ مسلمہ کی یکجہتی و اخوت کو مضبوط کرتی ہیں،شرکائے تقریب نے تصویری نمائش کو نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کے پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی بہترین کاوش قرار دیا۔ شرکائے تقریب نے منتظمین کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔