اسلام آباد، یکم ستمبر(اے پی پی):قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں قومی اسمبلی کے 19 ویں اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قومی اسمبلی کے 19 ویں اجلاس میں پاکستان کو درپیش وسیع اور شدید سیلابی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ایڈوائزری کمیٹی نے قومی اسمبلی کے موجودہ 19 ویں اجلاس کو سیلابی صورتحال کے حوالے سے مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا۔قومی اسمبلی کے 19 ویں اجلاس میں وقفہ سوالات کو موخر کر کے سیلابی صورتحال پر خصوصی بحث کی جائے گی۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ اپوزیشن ارکان قائمہ کمیٹیوں کا حصہ رہیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن اراکین کو قومی اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کے فیصلے پر غور کرنے کا کہا-اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ، ممبر قومی اسمبلی سید نوید قمر، شیخ آفتاب احمد، خالد حسین مگسی، اعجاز حسین جاکھرانی، سید حفیظ الدین، پولین بلوچ، گل اصغرخان، نزہت صادق اور سیدہ شہلا رضا نے شرکت کی۔