نیویارک۔26ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماحولیاتی بحران کو سب سے فوری عالمی چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو سیلاب سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے، قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی بحران سب سے فوری عالمی چیلنج ہے، 2022ء میں پاکستان کو شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا جس کے نقصانات 34 ارب ڈالر سے زیادہ تھے، اس کے علاوہ قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئیں، اس سال پھر ایک بڑے سیلاب نے ہزاروں دیہات بہا دئیے، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، ایک ہزار سے زائد جانیں ضائع ہوئیں اور کھیت کھلیان تباہ ہوگئے، فصلوں، مال مویشیوں اور املاک کا اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی غیر معمولی استقامت سے اس آفت کا مقابلہ کر رہا ہے، حکومت نے موسمیاتی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، 2022ء اور 2025ء کے تباہ کن سیلاب موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کا عالمی گیسوں کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے لیکن پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے ہمیں قرضے لینا پڑتے ہیں، یہ انصاف نہیں ہے، قرضے معیشت کے لئے تباہ کن ہیں، ہم بھرپور محنت کریں گے، اپنے ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے اور پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔











