نیویارک،23ستمبر (اے پی پی): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر کانفرنس سے خطاب میں فلسطینی عوام کی عزت و وقار، انصاف اور حقِ خود ارادیت کیلئے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں،فوری جنگ بندی کرائی جائے اور امدادی سامان و ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، عالمی برادری اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ بنیادی ڈھانچے ( انفراسٹرکچر) کی تباہی اور 10 لاکھ سے زائد افراد کے بے گھر ہونے کے باعث انسانیت اور عالمی ضمیر کا قبرستان بن چکا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور فرانس کی جانب سے دو ریاستی حل سے متعلق کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کے مختلف ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا انصاف اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ فلسطین کو تسلیم کرنے والے ابتدائی ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل اور عالمی برادری انسانی وقار کے تحفظ، انصاف اور جوابدہی کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اب بیانات کا وقت ختم ہو چکا ہے،عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن اسی وقت ممکن ہے جب 1967ء سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔











