نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب

11

نیویارک ۔22ستمبر  (اے پی پی):نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نےدولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اس منفرد پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بیک وقت کئی بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے، دولت مشترکہ کو قیام امن اور مکالمہ کے پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار جاری رکھنا چاہئے۔پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق  نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے یہاں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں دولت مشترکہ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر منعقد کیا گیا۔اپنے خطاب میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے دولت مشترکہ کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور اس منفرد پلیٹ فارم کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے تنظیم کو بدلتے ہوئے عالمی حالات کے مطابق ڈھالنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ  عالمی برادری بیک وقت کئی بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے، دولت مشترکہ کو قیام امن اور مکالمے کے پلیٹ فارم کے طور پر اپنا کردار جاری رکھنا چاہئے جہاں اتفاق رائے اور تعاون کے ذریعے تنازعات حل کرنے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے دولت مشترکہ کی ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق کوششوں کی بھرپور حمایت کی اور رکن ممالک کی طرف سے ماحولیاتی چیلنج سے نمٹنے پر مسلسل توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔اسحاق ڈار  نے دولت مشترکہ کے اس منفرد کردار کو سراہا جو وہ 56 رکن ممالک کو یکجا کر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل تبدیلی اور تجارت و کاروبار کے فروغ کے لیے ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دولت مشترکہ کے نوجوانوں کے ایجنڈے میں قائدانہ کردار ادا کرنے پر فخر ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل ایک زیادہ خوشحال اور پرامن مستقبل تشکیل دینے کے قابل ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے رابطہ کے ایجنڈے کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کرے گا اور ایسے اقدامات کی حمایت کرتا رہے گاجن سے دولت مشترکہ کے اندر ڈیجیٹل، فزیکل، ریگولیٹری اور سپلائی چین کے روابط مزید مضبوط ہوں۔