اسلام آباد: 3 ستمبر )اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا قومی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے اور کہا کہ ہنر مند افرادی قوت ہی مستقبل میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) آڈیٹوریم اسلام آباد میں ہنگری اسکالرشپ پروگرام کے تحت 259 پاکستانی طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان اور ہنگری کے مابین دوستی، سفارتی، ثقافتی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ موقع نہ صرف فخر کا باعث ہے بلکہ طلبہ کے لیے ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
انہوں نے تمام کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسکالرشپس ان کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ سفر میں ایک سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ وفاقی وزیر نے ہنگری کی حکومت اور سفارتخانے کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے تعلیمی تبادلے دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہتیں پیدا کر رہے ہیں۔