اسلام آباد ، 23 ستمبر(اے پی پی ): وزارتِ صنعت و پیداوار میں آج بروز منگل بازیاب شدہ سرکاری اراضی کی حوالگی کی ایک باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار، ہارون اختر خان نے بازیاب شدہ اراضی وصول کی، جو نیشنل اکاؤنٹبلیٹی بیورو (نیب) کے ڈپٹی چیئرمین، سہیل ناصر، اور ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا، فرمان اللہ نے وزارتِ صنعت و پیداوار کے حوالے کی۔
تقریب میں سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیف انجم، نیب کے نمائندگان اور ڈائریکٹر جنرل فریدون اکرم شیخ بھی شریک تھے۔
نیب کی کاوشوں سے 310 کنال سرکاری اراضی، جس کی مالیت اربوں روپے ہے اور جو ہری پور میں واقع ہے، بازیاب کر کے وزارتِ صنعت و پیداوار کے ذریعے وفاقی حکومت کے حوالے کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت کے مطابق قومی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے وزیراعظم کے کرپشن سے پاک پاکستان کے وژن کے مطابق ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب اور وفاقی حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے قومی اثاثے قوم کے مفاد میں محفوظ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کو وزیراعظم کے وژن برائے شفافیت اور احتساب کا ایک عملی ثبوت قرار دیا۔











