وزیراعظم شہباز شریف کی چینی صدر سے ملاقات

2

‎بیجنگ، 20ستمبر (اے پی پی):  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل  کے روز بیجنگ  کے گریٹ ہال آف دی پیپلز میں عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ہے۔ اپنی انتہائی خوشگوار ملاقات کے دوران، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم  کا اعادہ کیا۔

‎وزیراعظم نے  صدر شی کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے کے طور پر چین ـ پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت کو سراہا اور سی ـ پیک کے اپ گریڈ شدہ اگلے مرحلے،جن میں پانچ مزید راہداریوں کا اضافہ کیا گیا ہے،کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ان اقدامات سےدونوں ممالک کو ایک مشترکہ مستقبل کے ساتھ مزید مضبوط پاکستان چین کمیونٹی بنانے میں مدد ملے گی۔

‎وزیر اعظم نے  کہا کہ پاکستان  چینی صدر کے تاریخی اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہےجس میں گلوبل گورننس انیشی ایٹو ، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو ، گلوبل سیکیورٹی انیشی ایٹو  اور گلوبل سولائزیشن انیشی ایٹو  شامل ہیں۔

‎وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات اجتماعی عالمی بھلائی کے لیے ضروری ہیں اور علاقائی اور عالمی امن،استحکام اور ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔

‎صدر شی نے کہا کہ چین اقتصادی ترقی کے تمام شعبوں میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا،خاص طور پر جب کہ سی پیک اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے تحت پاکستان کے اہم ترین اقتصادی شعبوں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

‎دونوں رہنماؤں نے اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس سلسلے میں پاکستان اور چین کے درمیان قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔