اسلام آباد، 02 ستمبر ( اےپی پی): وزیراعظم نے ملک میں جاری مون سون کے بڑے اسپیل کے دوران این ڈی ایم اے و دیگر ریسکیو و ریلیف اداروں کی تیاری اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کیلئے اپنی مصروفیات کچھ دیر کیلئے ترک کرکے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں چئیرمین این ڈی ایم اے، پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے چیف سیکریٹریز اور امدادی کاروائیوں کے لیے متعلقہ اداروں نے وزیراعظم کو ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال اور امدادی کاروائیوں کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے این ایچ اے اور وزارت توانائی کو سیلاب سے متاثرہ نظام مواصلات اور بجلی کی ترسیل کے نظام کی ترجیحی بنیادوں پر بحالی کے لیے اقدامات لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد، ان کی محفوظ مقامات پر منتقلی اور متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومتیں اور تمام متعلقہ ادارے مکمل تعاون سے کام جاری رکھیں، وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو پنجاب اور سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر بحالی کی اور امدادی کاروائیوں پر خصوصی طور پر توجہ مرکوز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سے مکمل رابطے میں رہنے اور صوبائی حکومتوں کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے لاپتہ شہریوں کی جلد تلاش مکمل کرنےکریں۔ اس دوران وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی، چناب اور ستلج میں طغیانی کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، دریاؤں میں طغیانی کے پیش نظر ڈیمز اور بیراجوں کی ریگولیشن جاری ہے، اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب اور سندھ میں دریاؤں میں طغیانی کی وجہ سے بڑھتی ہوئی سیلابی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ۔دریائے چناب، راوی اور ستلج میں ترمّو، بلوکی، سدھنائی، جی ایس والا اور سلیمانکی کے مقامات پر طغیانی اور متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے این ڈی ایم اے کا صوبائی انتظامیہ اور صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ سے مکمل تعاون جاری ہے، دریائے راوی، چناب اور ستلج سے سیلابی ریلوں کی آمد کے بعد پنجند کے مقام پر شدید طغیانی متوقع ہے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجند سے یہ ریلہ 6 ستمبر کی دوپہر تک گڈو بیراج پہنچنے کا امکان ہے جہاں متوقع سیلابی صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، سندھ میں گڈو کے مقام پر متوقع سیلابی ریلے کے پیش نظر این ڈی ایم اے سندھ حکومت کے ساتھ مناسب انتظامات کے لیے مکمل تعاون کر رہا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بیجنگ جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران پاکستان سے وڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔