دوحہ،15ستمبر (اے پی پی):پاکستان اور اردن نے اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے کے لئے امت مسلمہ کے اتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی حمایت کے حصول کی غرض سے قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اردن کے فرماں روا شاہ عبداللہ دوم سے دوحہ میں ہنگامی عرب۔اسلامی سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے،وزیراعظم نے قطر کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور مشرق وسطیٰ کے امن کے قیام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا۔وزیراعظم نے فلسطین کے مسئلے پر شاہ عبداللہ دوم کی مدبرانہ قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جارحانہ کارروائیوں کے مقابلے کے لئے امت مسلمہ کےاتحاد کی فوری ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے عالمی حمایت کو متحرک کرنے کے لیے قریبی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔











