لاہور، 13 ستمبر ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر عوامی ریلیف کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے صارفین سے اگست 2025 کے بجلی کے بل نہ لینے کا حکم دے دیا ہے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو فوری طور پر ان علاقوں میں بلوں کی وصولی سے روک دیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جن صارفین سے یہ بل پہلے ہی وصول کیے جا چکے ہیں، ان کی رقم آئندہ ماہ کے بلوں میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے، اور مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے پانے کے بعد بجلی کے بلوں کے حوالے سے ایک تفصیلی پیکیج کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی ادارے ریسکیو اور بحالی کے کاموں میں بھرپور مصروف ہیں، اور جب تک تمام متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ جاتے، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔











