اسلام آباد ،06 ستمبر (اے پی پی ):وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ سرکار دو و عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے 1500 ویں جشن ولادت ،جشن عید میلاد النبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، تاجدارِ مدینہ، فخرِ موجودات، خاتم النبیین، رحمت اللعالمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت انسانیت پر اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہے، آپ ﷺ کی تشریف آوری سے دنیا کے اندھیروں میں نور حق پھیل گیا اور کفروباطل کی تاریکیاں چھٹ گئیں، نبی اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ بنی نوع انسان کے لیے کامل نمونہ ہے، آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آپ ﷺ نے کفر کے خلاف استقامت، قربانی اور صبر کا درس دیا، ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو تعلیماتِ محمدی ﷺ کے مطابق ڈھالیں ،آزاد کشمیر بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے تاکہ سیرت النبی ﷺ کو اجاگر کیا جائے، میری دعا ہے کہ اللہ پاک سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وسیلہ جلیلہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے، مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسلمان اسلام کی سربلندی اور آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، معرکہ حق و باطل درپیش ہو تو مسلمان کٹ تو سکتا ہے مگر باطل کے سامنے جھک نہیں سکتا ، انشاءاللہ سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے وسیلہ جلیلہ سے کشمیری عوام الحاق پاکستان کی منزل حاصل کر کے رہیں گے ۔











