تیانجن۔1ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کے گلوبل گورننس انیشیٹو (جی جی آئی) کے اجراء کے تاریخی اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مضبوط کثیرالجہتی نظام کی طرف تاریخی قدم قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام عالمی گورننس سسٹم کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور کرہ ارض کو درپیش جدید چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ہوگا، تیانجن اعلامیہ سے خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کو فروغ ملے گا۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق چین کے شہر تیانجن میں منعقدہ ایس سی او (پلس) سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ کی طرف سے جی جی آئی کے اجراء کے تاریخی اعلان کو سراہا۔ وزیراعظم نے جی جی آئی کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مضبوط کثیرالجہتی نظام کی طرف تاریخی قدم اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اقدام عالمی گورننس سسٹم کو ترقی پذیر ممالک کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے میں معاون ثابت ہوگا اور کرہ ارض کو درپیش جدید چیلنجز سے نمٹنے میں مدد گار ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اس اقدام میں فعال حصہ لینے کے لیے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر چینی صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے تیانجن اعلامیہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ اس سے خطے میں امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد کو فروغ ملے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ امن، ترقی اور روابط کے فروغ کے ساتھ ایس سی او کے چارٹر اور ’’شنگھائی سپرٹ‘‘ میں درج سنہری اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمیاتی بحران میں مشترکہ ذمہ داری مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے، پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کو مسلسل موسمیاتی تبدیلیوں سے پیدا ہونے والی آفات کا سامنا ہے، یہ مسلمہ حقیقت ہے کہ ماحول دشمن گیسوں کے عالمی اخراج میں پاکستان اور اس جیسے دیگر ترقی پذیر ممالک کا حصہ صرف 1 فیصد سے بھی کم ہے، عالمی قیادت کو ترقی پذیر ممالک کا بوجھ بانٹنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید قیمتی جانوں اور معاشی نقصانات سے بچا جا سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تنازعات پر مذاکرات اور تمام مسائل کو پر امن طریقے سے حل کرنے کو ترجیح دیتا ہے، پاکستان غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے گھنائونے جرائم کی مذمت اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کے ساتھ ساتھ خطے میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے لائوس پیپلز ڈیموکریٹک ریپبلک کی ایک ڈائیلاگ پارٹنر کے طور پر ایس سی او فیملی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔ ایس سی او (پلس) اجلاس میں مستقل ارکان کے سربراہان مملکت کے ساتھ ساتھ ڈائیلاگ پارٹنرز اور مبصر ممالک، عالمی تنظیموں کے سربراہان و نمائندے بھی شریک تھے۔