وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری کی بنوں میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدنان اسلم کی رہائش گاہ آمد

13

اسلام آباد،12ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدنان اسلم شہید کی رہائشگاہ کا دورہ کیا اور شہید کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید میجر عدنان اسلم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے شہید بیٹے نے بہادری اور شجاعت کی نئی داستان رقم کی ہے، زخمی حالت میں بھی اپنے ساتھیوں کا دفاع کرنے والا عدنان اسلم قوم کا ہیرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے بلند حوصلے اور عزم کو سلام پیش کرتا ہوں، یہی حوصلہ اور عزم قوم کی اصل طاقت ہے۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ شہید میجر عدنان اسلم کی عظیم قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی، شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کا قرض پوری قوم پر ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

شہید میجر عدنان  اسلم کے والد  نے گفتگو کرتے ہوئے کہا میرے  بہادر بیٹے  نے  ملک  و قوم  کے  لئے  قربانی دی اور ہمارا نام روشن  کیا۔شہید  بیٹے  پر فخر  ہے۔ بلند  حوصلہ  میجر عدنان اسلم  کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 بیٹے بھی ہوتے تو وطن پر قربان کر دیتی۔عدنان  نے وطن کے لئے  جان نچھاور  کرکے میری خواہش  پوری  کر دی۔شہید میجر عدنان اسلم کے ماموں اور سسر نے بتایا کہ وہ کراٹے اور مارشل آرٹ کے بہترین کھلاڑی تھے، جنہوں نے عملی زندگی میں بھی بہادری کا مظاہرہ کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر شہید کو ملنے والے اعزازات اور میڈلز دیکھے اور شہید کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ میجر عدنان اسلم چند روز قبل بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران زخمی ہو کر جام شہادت نوش کر گئے تھے۔چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی ان کے ہمراہ تھے۔