وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، ضم شدہ اضلاع میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر زور

1

اسلام آباد2 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی صدارت میں ضم شدہ اضلاع سے متعلق اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی و صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ضم شدہ اضلاع کی بہتری کیلئے امن و امان اور ترقی سمیت ہر قسم کی تجاویز کو زیر بحث لایا گیا۔اجلاس میں خیبرپختونخوا کے ضم شدہ اضلاع میں جرگہ سسٹم کی بحالی اور سول ایڈمنسٹریشن کو مؤثر بنانے کے لیے متبادل تنازعات کے حل کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ اجلاس میں اصلاحاتی کمیٹی کے ٹی او آرز  کو مزید جامع اور مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان اضلاع میں پائیدار ترقی اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی حکومت سے ملکر عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرینگے- ہم سب کا ایجنڈا ایک ہے کہ سابق فاٹا کے عوام کو ریلیف فراہم کرنا، امن و امان بحال کرنا، اور تعلیم، صحت اور ترقی کے ہر شعبے میں انہیں وہ سہولیات دینا جو ان کا حق ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ سابق فاٹا کے عوام نے طویل عرصہ تک قربانیاں دی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں ان کا جائز مقام دیا جائے۔ ہم سب مل کر اس مشن کو کامیاب بنائیں گے۔