وفاقی وزیر بحری امور سے قازق سفیر کی ملاقات، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

2

اسلام آباد، 02 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافین نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی اور گوادر بندرگاہوں پر مشترکہ منصوبوں کی تجویز زیر غور ہے جبکہ گوادر فری زونز میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی بات چیت کا حصہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہیں قازقستان کے لیے ٹرانزٹ ہب بننے کو تیار ہیں جو وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں سے جوڑیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہدف خطے کا تجارتی مرکز بننا ہے اور دونوں ممالک کا بلیو اکانومی تعاون خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔قازق سفیر یرژان کسٹافین نے پاکستانی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قازق وزارتی وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔