وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے پولیس کے اے ایس آئی خالد حسین پر تشدد اور ان کی شہادت کے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا

1

اسلام آباد ، 02  ستمبر ( اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے پولیس کے اے ایس آئی خالد حسین پر تشدد اور ان کی شہادت کے واقعے کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔

اے ایس آئی خالد حسین نے اپنے فرض کی ادائیگی کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ وفاقی وزیر نے شہید کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلوے پولیس لائنز راولپنڈی میں اے ایس آئی خالد حسین کو اعزازی سلامی دی گئی، جبکہ وزیر ریلوے کی خصوصی ہدایت پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) راولپنڈی، ایس پی ریلوے پولیس اور اعلیٰ افسران نے شہید کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔

وفاقی وزیر کی ہدایت پر واقعے میں ملوث پانچوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جو اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔ وزیر ریلوے نے اس افسوسناک واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ واقعے میں ملوث ذمہ داران کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔