وفاقی وزیر صحت کا نیشنل ای او سی کا دورہ، پولیو مہم پر بریفنگ اور ہدایات

14

اسلام آباد، 16 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے انسدادِ پولیو کا دورہ کیا اور مہم کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق نے وزیرِ صحت کو یکم تا 7 ستمبر منعقدہ پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ترجمان کے مطابق پولیو مہم کے دوران ملک کے 81 مخصوص اضلاع میں 1 کروڑ 98 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے جبکہ جنوبی خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر سے شروع ہونے والی مہم میں 16 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور دنیا بھر میں اسی کے ذریعے پولیو کا خاتمہ ممکن ہوا ہے، لہٰذا عوام کسی بھی خدشے کو ذہن سے نکال دیں۔وفاقی وزیر صحت نے زور دیا کہ اسلام آباد کے لیے نئی حکمتِ عملی اپنانا وقت کی ضرورت ہے۔ انکاری کیسز والے علاقوں میں مقامی افراد کو تعینات کیا جائے تاکہ مہم کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق اگر انکاری خاندان ایک ہی جگہ ہوں تو انہیں ہدف بنانا نسبتاً آسان ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہتر کمیونیکیشن اسٹریٹجی کے ذریعے عوام کی ذہن سازی کرنی ہوگی اور پولیو ورکرز کے پہنچنے سے پہلے ہمارا پیغام گھر گھر تک جانا چاہیے۔سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سینکڑوں پولیو ورکرز نے اس جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کی ہیں اور دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جہاں ہیلتھ ورکرز نے اتنی بڑی تعداد میں قربانیاں دی ہوں۔