اسلام آباد، 2 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے منگل کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں عاصم اختر کی مرتب کردہ اہم آرٹ نمائشوں کا افتتاح کیا۔
نمائش “اے ریسٹرینڈ گریس” میں مرحوم استاد بشیرالدین کے فن پارے شامل ہیں جو اُن کی نایاب فنی مہارت اور پاکستان کے بصری فنون میں نمایاں خدمات کو اجاگر کرتے ہیں۔ اسی طرح “بلیڈنگ بارڈرز” میں معروف فنکار امین رحمان کے عصری انسٹالیشن کام پیش کیے گئے ہیں جو سماجی و سیاسی موضوعات کو جاندار بصری اظہار کے ذریعے سامنے لاتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے پی این سی اے کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسی نمائشیں نہ صرف قومی ورثے کو اجاگر کرتی ہیں بلکہ بین الاقوامی فنی رجحانات کو بھی عوام کے سامنے لاتی ہیں۔ انہوں نے منتظمین اور کیوریٹرز کی محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اقدامات معاشرے میں ثقافتی آگاہی کو فروغ دیتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے گیلریوں کا بھی دورہ کیا جہاں امین رحمان نے خود انہیں اپنے فن پاروں کے تصورات اور اُن کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔یہ نمائشیں عوام کے لیے کھلی ہیں اور 12 ستمبر 2025ء تک پی این سی اے میں جاری رہیں گی۔