وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی ملاقات

13

اسلام آباد، 11 ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے یہاں  ملاقات کی۔ اس موقع پر محمد یحییٰ نے پنجاب میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور تباہ کاریوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پروفیسر احسن اقبال نے بتایا کہ راوی، چناب اور ستلج دریاؤں کی طغیانی نے لاکھوں ایکڑ اراضی کو متاثر کیا ہے جبکہ نارووال میں وسیع رقبہ زیرِ آب آنے سے زرعی زمین، انفراسٹرکچر اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلابی نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر نقصان اور ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اپنے وسائل سے تعمیر نو کا آغاز کرے گی تاہم ترقی یافتہ ممالک کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ موسمیاتی تباہی سے نپٹنے کے لیے متاثرہ ممالک کو فنڈز فراہم کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے ماضی کے تعاون کو انتہائی قابلِ تعریف قرار دیا۔

وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ پاکستان میں سات ہزار سے زیادہ گلیشیئرز موجود ہیں، جن میں سے گلگت بلتستان کے گلیشیئرز بڑے پیمانے پر خطرناک حد تک پگھل رہے ہیں۔ اس سال کو “سالِ گلیشیئرز” کے طور پر منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے بین الاقوامی برادری کو پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہیے۔