پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کی شارجہ میں میڈیا سے گفتگو

5

شارجہ، 03 اگست (اے پی پی): پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف نے شارجہ میں جاری سہ ملکی سیریز میں افغانستان سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری بیٹنگ میں پارٹنرشپ بنتی تو میچ کا نتیجہ مختلف ہوتا۔جو بھی ٹیم اچھی کارکردگی دکھاتی ہے میچ جیت جاتی ہے آج افغانستان کی ٹیم اچھا کھیلی اور انہوں نے میچ جیتا۔

  فہیم اشرف نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ جیسی کارکردگی ٹیم کو درکار ہے ویسا ہی پرفارم کروں کبھی اپنی انفرادی پرفارمنس پر فوکس نہیں کیا، ٹیم کی جیت میں اپنا حصہ ڈالنے کی پوری کوشش کرتا ہوں۔

 فہیم اشرف نے کہا کہ بطور کھلاڑی میرا فوکس صرف ٹیم کے لیے اچھا پرفارم کرنے پر ہوتا ہے اور تنقید کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کون سا بیٹسمین کس نمبر پر آکر کھیلے گا یہ ٹیم کے پلان کا حصہ ہوتا ہے اس میں کسی کھلاڑی کے ساتھ زیادتی والا عنصر نہیں۔