پاکستانی فارماسیوٹیکل انڈسٹری عالمی ہیلتھ کیئر مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرنیکی صلاحیت رکھتی ہے،ہارون اختر خان

13

اسلام آباد، 24 ستمبر )اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل انڈسٹری عالمی ہیلتھ کیئر مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔آج آٹھویں پاکستان فارما سمٹ اور فارما ایکسپورٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صنعتی پالیسی اور ریگولیٹری اصلاحات پاکستان کے معاشی مستقبل کے لئے بنیاد فراہم کر رہی ہیں، جبکہ فارما انڈسٹری نہ صرف عوام کی صحت کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ملک کی برآمدات بڑھانے میں بھی اہم شراکت دار ہے۔فارما ایکسپورٹ ایوارڈز میں 50 نمایاں برآمد کنندگان کو اعزازات دیے گئے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ برآمد کنندگان ملک کے سفیر ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے اس عزم کو دہرایا کہ فارما سیوٹیکل شعبے کو مزید سہولتیں دی جائیں گی تاکہ عوام کو سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔