پاکستان کی ترقی  کیلئے ناگزیرہے کہ  مستقبل کی تیاری کیلئے سائنس، ٹیکنالوجی و ڈیجیٹل میدان میں پیشرفت کو اپنی اولین ترجیح بنائے ، وفاقی وزیر احسن اقبال

15

اسلام آباد،9ستمبر(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دنیا تیز رفتار تبدیلی کے ایک ایسے دور سے گزر رہی ہے جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بڑی تبدیلی کی بنیاد علم اور جدت ہے، جو عالمی نظام کو نئے خطوط پر استوار کر رہی ہے۔ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ مستقبل کی تیاری کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل میدان میں پیش رفت کو اپنی اولین ترجیح بنائے تاکہ ترقی یافتہ ممالک کی صف میں جگہ بنا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے “30ویں انٹرنیشنل سمٹ برائے ری ڈیفائننگ ڈیجیٹل مینو فیکچرنگ: کانسیپٹ ٹو پراڈکٹ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کا مزید کہنا تھا کہ قوموں کے پاس تین راستے ہوتے ہیں: یا وہ تبدیلی کو بروقت قبول کریں اور اس کے ثمرات حاصل کریں، یا ردعمل کی پالیسی اختیار کر کے محدود فائدہ اٹھائیں، یا پھر انکار کر کے زوال کا سامنا کریں۔

 تقریب سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کیے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، صنعت اور دیگر شعبوں میں خواتین نے مردوں کے برابر بلکہ کئی مواقع پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے مساوی حقوق اسلام نے واضح طور پر بیان کیے ہیں اور ان پر عملدرآمد ہی حقیقی ترقی کی ضمانت ہے۔