لاہور، 5 ستمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر اربن فلڈنگ کی روک تھام کے لئے جامع منصوبے پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہروں میں مرحلہ وار سکیمیں شروع ہوں گی۔ برساتی پانی کے نکاس کے لئے سٹوریج ٹینک بنائے جائیں گے تاکہ حالیہ اربن فلڈنگ جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارانی پانی کے استعمال سے زیر زمین ذخائر پر دباؤ بھی کم ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو 52 شہروں میں منصوبوں کا آغاز کرنے کے لئے سمری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی تکمیل سے اربن فلڈنگ کا مستقل سدباب ممکن ہوگا۔ شہروں میں زیادہ صلاحیت والے ڈسپوزل سٹیشن قائم کئے جائیں گے اور بڑے قطر کے لائننگ پائپ استعمال ہوں گے جن کی عمر 100 سال ہے، اس سے سیوریج کے دیرینہ مسائل بھی حل ہوں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ موجودہ انفراسٹرکچر کو اگلے 25 سال کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کی فوری تشکیل اور پروفیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر کے انتخاب کی ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے تجربات سے سیکھ کر آئندہ منصوبے بنائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے مکمل فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر بلدیات نے مزید کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر تمام شہروں میں سکیمیں مکمل کی جائیں گی اور منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔











