اسلام آباد 8 ستمبر ( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پیر کو یہاں انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے کرٹن ریزر سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ پارلیمانی ردعمل وقت کی اہم ضرورت ہے، پارلیمانی سفارتکاری کو مزید مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایس سی کے قیام کا محرک میرا بطور وزیراعظم 2008 کا وژن تھا۔
عالمی رہنماؤں کے اجلاسوں میں امن و ترقی کی بات ہوئی لیکن پارلیمان غیر موجود تھے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سب سے بڑا چیلنج ہے، کوئی بھی حکومت اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتی ، جان ڈن کے قول کا حوالہ دیا کہ”No man is an island” —ISC پارلیمانوں کا براعظم ہے، ماحولیاتی تبدیلی سرحدیں نہیں مانتی، حکومتوں کو پارلیمان اور پارلیمان کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے سینیٹ کی پارلیمانی سفارتکاری: پاکستان،افریقہ فرینڈشپ ڈے، وسطی ایشیائی و یورپی ممالک سے روابط
اور امسال سیول میں منعقدہ ISC کے ابتدائی اجلاس میں 45 سے زائد اسپیکرز کی شرکت کا حوالہ دیا۔
اسلام آباد کانفرنس میں تنازعات کی روک تھام، خوراک و پانی کا تحفظ، توانائی، ماحولیاتی اقدامات اور پارلیمانی سفارتکاری اہم موضوعات ہوں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کا ذکر کیا ۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسلام آباد کانفرنس ہمارے عزم کو قانون سازی اور عملی اہداف میں بدلے گی ، “پارلیمان محض مباحثے کے ادارے نہیں، ایک پرامن و خوشحال دنیا کے معمار ہیں ۔
تقریب میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سفارتکار اور پارلیمانی جماعتوں کے سربراہان کی شرکت کی۔











