ڈینگی کی صورتحال پر وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت اہم اجلاس

16

اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری صحت، ایڈیشنل سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، جوائنٹ سیکریٹری ہیلتھ اور ڈی ایچ او اسلام آباد نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ڈینگی کے پھیلاؤ، کیسز کی موجودہ صورتحال اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز مختص کیے جائیں۔مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات، بیڈز اور ٹیسٹ کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ حالیہ بارشوں کے باعث کیسز میں اضافے کے تدارک کے لیے خصوصی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ اسلام آباد کے علاقے بھارہ کہو سمیت دیگر مقامات پر سرویلینس کو مزید مؤثر بنایا جائے، اسپرے، احتیاطی تدابیر اور عوامی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ضلعی حکام اپنا کردار مؤثر انداز میں ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی کے لیے عوام وزارت صحت کی جاری کردہ گائیڈلائنز پر عمل کریں، میڈیا اور سول سوسائٹی اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کریں۔ مصطفیٰ کمال نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو وباؤں اور بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔