کامسٹیک و آذربائیجان کا قدرتی ادویات و کاسمیٹکس میں سائنسی تعاون بڑھانے پر اتفاق

3

اسلام آباد، 02 ستمبر (اے پی پی ): کامسٹیک اور  وزارت سائنس و تعلیم جمہوریہ آذربائیجان کے انسٹی ٹیوٹ آف باٹنی کے تعاون سے ’’قدرتی ادویات و کاسمیٹک مصنوعات‘‘ پر بین الاقوامی ورکشاپ کا انعقاد کامسٹیک سیکرٹریٹ  میں کیا گیا۔

ورکشاپ میں پاکستان اور آذربائیجان سے نامور سائنس دانوں، محققین اور نوجوان اسکالرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر قدرتی ادویات، فائیٹو کیمسٹری اور نیچرل پروڈکٹ سائنسز کے مختلف پہلوؤں پر سائنسی تبادلۂ خیال اور مشترکہ تحقیقی امکانات پر غور کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ روایتی حکمت اور جدید سائنس کے امتزاج سے نئی ادویات، غذائی سپلیمنٹس اور کاسمیٹک مصنوعات کی دریافت کے دروازے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ورکشاپ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سائنسی تعاون اور تاریخی روابط کو مزید تقویت دے گی۔

اس موقع پر پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر محترم خضر فرہادوف نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کامسٹیک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات نہ صرف دوطرفہ بنیادوں پر بلکہ او آئی سی کے فریم ورک میں بھی انتہائی مضبوط ہیں۔ انہوں نے آذربائیجان کی قدیم طبی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک قدرتی ادویات اور متعلقہ سائنسز میں پاکستان اور او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف باٹنی آذربائیجان کی ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر سایارا عباداللوائیوا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور آذربائیجان کی نباتاتی تحقیق میں موجود مسائل و امکانات پر سیر حاصل گفتگو کی۔